حافظ آباد: شادی کی تقریب میدان جنگ بن گئی، ویڈیو بنانے پر دلہے سمیت 15 افراد زخمی

حافظ آباد: شادی کی تقریب میدان جنگ بن گئی، ویڈیو بنانے پر دلہے سمیت 15 افراد زخمی

ضلع حافظ آباد کے نواحی گاؤں بھنسیکا میں شادی کی خوشیاں اُس وقت ماتم میں بدل گئیں جب ویڈیو بنانے پر ہونے والے جھگڑے نے پرتشدد رخ اختیار کر لیا۔

لڑکی والوں اور باراتیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دلہے سمیت 15 افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق بارات کی آمد کے بعد باراتیوں نے موبائل فون سے ویڈیوز بنانا شروع کیں، جس پر لڑکی کے اہل خانہ، خاص طور پر دلہن کے بڑے بھائی نے سخت اعتراض کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دلہن کا بھائی پہلے ہی اس شادی پر رضامند نہیں تھا، اور اُس نے بارہا باراتیوں کو ویڈیوز بنانے سے منع کیا، مگر اس کے باوجود باراتیوں کی جانب سے ویڈیوز بنانے کا سلسلہ جاری رہا۔تنازع بڑھتے ہوئے شدید جھگڑے میں تبدیل ہو گیا، جس دوران دونوں جانب سے ڈنڈوں اور سوٹوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔

 جھگڑے کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد زخمی ہوئے، جن میں دلہا بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق دلہے کی ٹانگیں توڑ دی گئیں اور اُسے فوری طور پر تشویشناک حالت میں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تاہم تاحال کسی قسم کی گرفتاری کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ تقریب کے موقع پر سیکیورٹی یا کسی ثالثی انتظام کا فقدان تھا، جو شاید اس افسوسناک واقعے کی ایک بڑی وجہ بنا۔