مختلف شہروں میں بارش‘دیواریں گرتی رہیں‘7افراد جاں بحق‘25زخمی

لاہور‘راولپنڈی‘گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، میانوالی، فیصل آباد، سانگلہ ہل، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حجرہ شاہ مقیم، خوشاب، جوہرآباد میں بارش
قصور میں چھت گرنے سے2 بہنیں‘اوکاڑہ میں بچی‘بہاولنگر میں4سالہ بچہ جاں بحق‘کراچی سمیت کئی شہروں میں آج بھی بارش کی پیش گوئی

لاہور،جہلم ، بہاولنگر،ملتان (آن لائن)پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں چار بچوں سمیت سات افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہو گئے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بارش کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے گلبرگ، قذافی سٹیڈیم، ظہورالہی روڈ اور مین مارکیٹ میں نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایک لوڈر رکشہ بارش کے باعث پھسل کر نالے میں جا گرا، جہاں ریسکیو ٹیم نے چھ افراد کو بروقت بچا لیا۔ بہاولنگر میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے چار سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا،ملتان میں بوسن روڈ کے قریب آندھی سے گھر کی دیوار گرنے سے تین خواتین ملبے تلے دب کر زخمی ہوئیں‘قصور کے موضع کوٹ پیراں میں چھت گرنے سے 2 بہنیں، 8 سالہ ارفع اور 4 سالہ فروا جاں بحق ہوگئی اوکاڑہ میں بستی ریاض آباد میں چھت گرنے سے 5 سال کی دعا فاطمہ جاں بحق جبکہ آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔لاہور کے مختلف علاقوں گڑھی شاہو، قلعہ گجر سنگھ، مال روڈ، فیروز پور روڈ، ماڈل ٹائون، ٹائون شپ، کینال روڈ، ہربنس پورہ ،کاہنہ، جلو موڑ، تاج باغ اور دیگر علاقوں میں بادل برس پڑے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔لاہور میں بارش کے بعد درجنوں فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی ‘مری اور آزاد کشمیر میں بھی بادل برسے، مالم جبہ، کالام اور دیگر شہروں میں بارش ہوئی، ایبٹ آباد میں بارش کے باعث ندی دوڑ میں طغیانی آگئی، بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے مرکزی شاہراہ بند ہوگئی، متعدد سیاح پھنس گئے۔‘راولپنڈی‘گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، میانوالی، فیصل آباد، سانگلہ ہل، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حجرہ شاہ مقیم، خوشاب، جوہرآباد میں  بھی بارش ہوئی‘کراچی سمیت متعدد شہروں میں آج بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے