اسلام آباد،راولپنڈی ،لاہور کیمختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خو شگوار
آج سے بالا ئی علاقوں سمیت کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش،لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ
راولپنڈی، پشاور ( مانیٹرنگ ڈیسک )گزشتہ روز اسلام آباد، راولپنڈی ،آزادکشمیر اور پنجاب کے بعض علاقوں میں ہلکی جبکہ پختونخوا میں آندھی کیساتھ تیز بارش ہوئی جس سے پشاور و دیگر علاقوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے سے متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آج سے آئندہ دو روز تک تیز ہوائوں، آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں، سیاحوں، مسافروں اور کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، خیبر پختونخوا ، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ۔محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ادھر این ڈی ایم اے کے مطابق آج سے کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے تاہم موجودہ صورتحال میں بڑے پیمانے پر سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں، تاہم پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں اچانک پانی کے بہائو میں مقامی سطح پر اضافہ ہو سکتا ہے۔ پشاور میں گزشتہ روز ہونے والی موسلا دھار بارش اور تیز آندھی کے باعث مختلف علاقوں میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے متعدد افراد زخمی ہو گئے ، ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ۔ریسکیو حکام کے مطابق فقیر کلی، پخہ غلام، چغلپورہ، شاہ عالم پل اور یوسف آباد میں دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئیجبکہ کئی علاقوں میں بجلی کانظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ علاوہ ازیں لاہور کے مختلف علاقوں میں ہوائیں چلنے اور بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ، علامہ اقبال ٹائون، وحدت روڈ، مصطفی ٹائون، مسلم ٹائون اور گردونواح میں ہلکی بارش ہو ئی ۔