ملک کے مختلف شہروں میں بارش ، برفباری‘ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں

اسلام آباد‘کراچی‘حیدرآباد‘جامشورو‘لاڑکانہ‘جیکب آباد‘کوئٹہ‘پشاور‘بنوں‘کرک میں بارش ہوئی‘ڈیرہ مراد جمالی میں چھت گرنے سے3افراد جاں بحق
اسلام آباد ، کراچی،کوئٹہ  (آئی این پی )ملک کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش کا آغاز ہوگیا، رات گئے آئی آئی چندریگر روڈ، پی آئی ڈی سی، سلطان آباد، ضیا الدین احمد روڈ، سول لائنز میں بادل برس پڑے۔شاہراہ فیصل، طارق روڈ، صدر، سولجر بازار، جمشیدروڈ اور اطراف کے علاقوں میں بھی ابر کرم برس پڑا، سائٹ ایریا، میٹروول، اورنگی ٹان میں بھی کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔  کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیامحکمہ موسمیات کا کہنا ہے ۔کہ اب شہر میں مزید بارش کا امکان نہیں ۔ادھر حیدر آباد اور جامشورو میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جبکہ دادو، جیکب آباد،لاڑکانہ میں بھی بادل برسے۔ دوسری جانب  کوئٹہ اورگردونواح میں  بارش ہوئی جس کے باعث 40 سے زائدفیڈرز  بند کردیے گئے۔ کوئٹہ کی سمنگلی روڈ، اسپنی روڈ بروری، مغربی باس پاس اندھیر ے میں ڈوب گیا۔ لسبیلہ اور وندر میں بھی بارش ہوئی۔ادھر پشاور، بنوں، کرک میں بھی بادل برسے، خیبرپختونخوا میں بارش کا سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے‘جنوبی وزیرستان اپر کے مختلف علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے‘ز بلو چستان کے ضلع نصیر آباد  کے شہر ڈیرہ مراد جمالی کے ایپکا کالونی میں بارش کے باعث محمد پناہ سولنگی کے مکان کی چھت اچانک زمین بوس ہو گئی جس کے نتیجے میں گھر میں موجود اس کی اہلیہ اور دو معصوم بچیاں ملبے تلے دب کر موقع پر ہی دم توڑ گئیں