شرح سود اور سولر پر ڈیوٹی ختم کی جائے، عملی طور پر پاکستان کی زراعت ختم ہو چکی ہے
ہم نے اپنے غیر ضروری اخراجات میں کمی اور کرپشن کا خاتمہ نہ کیا تو معیشت کبھی نہیں سنبھلے گی
لاہور(خصوصی رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے پاکستان اور ایران نے اپنی طاقت منوائی ہے، خطے میں نیا دفاعی بلاک بنانے کی ضرورت ہے۔ منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے ایران کی اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کو جراتمندانہ قرار دیا اور کہا کہ ایرانی حکومت و عوام نے اسرائیل کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ اسرائیل و امریکا ایران میں رجیم چینج اور ایٹمی اثاثوں کو تباہ کرنا چاہتے تھے، تاہم ایرانی ردعمل کے بعد امریکا کا رویہ بدل گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جیسے پاکستان نے بھارت کو شکست دی، ویسے ہی ایران نے اسرائیل کو پسپا کیا ہے۔ اب تاخیر کے بغیر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے۔امیر جماعت نے کہا کہ پاکستان اور ایران دونوں اپنی طاقت منوا چکے ہیں، اب کسی ملک کو ہمیں ڈکٹیٹ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ امریکا کی ناراضی کے ڈر سے پاکستان کو گیس منصوبہ متاثر نہیں ہونے دینا چاہیے۔