حکومت کشمیر کا مقدمہ حکمت عملی اور پوری طاقت سے لڑے:حافظ نعیم

افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے:امیر جماعت اسلامی کا اجلاس سے خطاب
لاہور(خصوصی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کشمیر کا مقدمہ حکمت عملی سے لڑے ، کابل سے معاملات میں بہتری لائے۔لاہور منصورہ میں جماعت اسلامی کی تین روزہ مرکزی مجلس شوری کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ حکومت فلسطین اور ایران کے معاملے پر واضح ، جرت مندانہ اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ استقامت، مزاحمت کی شاندار مثال قائم کرنے والے مجاہدین کی کامیابیوں کے لیے دعا گو ہیں، حکومت کشمیر کا مقدمہ حکمت عملی اور پوری طاقت سے لڑے، اسلام آباد، کابل آپسی معاملات میں بہتری لائیں، افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان کے عوام کے زخموں پر مرہم لگائے، لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کیا جائے، پورے ملک بالخصوص کے پی کے میں قیام امن کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، حکومت اشیاخورونوش، بجلی، پٹرول کی قیمتیں کم کرے۔