بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع سے بچنے کیلئے ٹارگٹڈ آپریشن سے قابو پایا جا سکتا ہے
افغانستان سے معاملات کو معمول پر لایا جائے، تحریک طالبان کا مسئلہ ان کے تعاون سے حل کیا جائے
لاہور(خصوصی رپورٹر )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے پاکستان سعودی عرب دفاعی معاہدہ مسلم ممالک میں اتحاد کی طرف بڑھنے کی جانب ایک قدم ہے، دیگر اسلامی ملک بالخصوص ایران کو بھی اس معاہدے میں شامل کیا جائے۔لاہور میں مرکزی مجلس شوری کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کی پشت پر امریکا ہے اور جنگ بندی کو ویٹو کرنا اس کی واضح مثال ہے، قطر پر حملے کے بعد مسلمان ملکوں میں اتحاد کی جانب بڑھنے پر سوچ بچار کا عمل شروع ہوا۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ وادی تیرہ جیسے واقعات سے غیر یقینی کی کیفیت میں اضافہ ہوتا ہے، ایسے واقعات سے اداروں پر عدم اعتماد بڑھے گا اور عوام سے دوریاں پیدا ہونگی۔ بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع سے بچنے کے لئے ٹارگٹڈ آپریشن سے قابو پایا جا سکتا ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ افغانستان سے معاملات کو معمول پر لایا جائے اور تحریک طالبان کا مسئلہ ان کے تعاون سے حل کیا جائے، پرامن انداز میں بات چیت سے دونوں ملک ایشوز حل کریں اسی میں دونوں کی بہتری ہے۔