پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انتخابی عمل عوامی اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہا، جبکہ متعدد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی شرکت نہ ہونے کے برابر تھی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عوام کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے کے بجائے اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر موجود رہی، جو انتخابی عمل پر عوامی اعتماد کے فقدان کی عکاسی کرتا ہے۔پارٹی نے یاد دلایا کہ وہ پہلے ہی آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کا بائیکاٹ کر چکی تھی اور اس کا مؤقف تھا کہ موجودہ حالات میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔پی ٹی آئی کے مطابق ملک کی سب سے بڑی عوامی جماعت کی عدم شرکت نے انتخابی عمل کی ساکھ کو مزید متاثر کیا ہے۔ بیان میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ دونوں جماعتیں عوامی مسائل کے حل کے بجائے اقتدار کی سیاست میں مصروف ہیں۔
پارٹی کا کہنا تھا کہ عوامی اعتماد، شفافیت اور حقیقی نمائندگی کے بغیر ہونے والے انتخابات جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کے بجائے کمزور کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ایسے انتخابات کے نتائج کو عوامی رائے کا حقیقی اظہار قرار نہیں دیا جا سکتا۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے کم ٹرن آؤٹ اور احتجاج کے ذریعے اپنا واضح پیغام دے دیا ہے۔ پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں حقیقی جمہوریت کے فروغ کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں اور ایسا انتخابی ماحول یقینی بنایا جائے جو آزاد، شفاف اور غیر جانبدار ہو تاکہ عوام اپنے حقِ رائے دہی کا آزادانہ استعمال کر سکیں۔