پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے آزاد کشمیر کے مختلف حلقوں میں مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حلقہ چڑھوئی کے گل پور، تھروچی اور مہاجر کیمپ کے پولنگ اسٹیشنز 15 سے 25 پر انتخابی عمل متاثر ہونے کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر شفاف پولنگ یقینی بنائی جائے۔پیپلز پارٹی رہنما نے حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی سکیورٹی تعینات کرنے اور تمام شکایات کا غیرجانبدارانہ جائزہ لینے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹرز کو بلا خوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا جائے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ انتخابی عمل میں مداخلت اور ہنگامہ آرائی کسی صورت قابل قبول نہیں، جبکہ آزاد، شفاف اور منصفانہ انتخابات ہی عوامی اعتماد کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔