پیپلز پارٹی کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی کررہی ہے:وزیر اطلاعات

پیپلز پارٹی کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی کررہی ہے:وزیر اطلاعات

لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پاکستان پیپلز پارٹی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کر رہی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میرپور کے عوام نے احتجاج یا شرپسندی کے بجائے ووٹ کی طاقت کو ترجیح دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ پولنگ کیمپس میں لوگ جشن منا رہے ہیں، جبکہ گزشتہ روز دھاندلی کے الزامات لگانے والوں کا اصل چہرہ آج قوم کے سامنے آ گیا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ آزاد کشمیر میں بعض مقامات پر امیدواروں کے ساتھ ساتھ انتخابی سامان بھی غائب ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انتخابی عمل کو شفاف رکھنا تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہ رہے ہیں اور وہ بھی "اپنی چھت، اپنا گھر" اور روزگار جیسے منصوبوں سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو سیاسی جماعتیں کشمیر میں انتخابات لڑ رہی ہیں، ان میں سے کوئی بھی یہ نہیں کہہ رہی کہ کشمیر کو صوبہ بنا دیا جائے گا۔عظمیٰ بخاری نے بسوں کی فراہمی کے حوالے سے کہا کہ عوامی سہولیات فراہم کرنا حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے سامنے ہے اور کسی پر الزام تراشی یا تنقید کے بجائے ترقیاتی کاموں پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پاکستان میں ترقی کے ایک ماڈل کے طور پر سامنے آ رہا ہے اور حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔آزاد کشمیر کے حوالے سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیان پر بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف نے آزاد کشمیر کا وزیر اعظم بننے کے حوالے سے ایک علامتی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ان کے مطابق جس طرح نواز شریف پاکستان اور پنجاب میں قیادت کی سرپرستی کر رہے ہیں، اسی طرح اگر کشمیر میں ان کی جماعت کا وزیر اعظم آیا تو وہ بھی رہنمائی کریں گے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نواز شریف کو وزیر اعظم کے عہدے کی شناخت کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ ملک کے سابق وزرائے اعظم کی رہنمائی کرنے والی شخصیت ہیں۔