پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے آزاد کشمیر کے میرپور ڈویژن میں ہونے والے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس انتخابی بے ضابطگیوں کے ویڈیو شواہد موجود ہیں، تاہم الیکشن کمیشن نے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ان کی جماعت نے حقائق اور شواہد کے ساتھ انتخابی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض حلقوں میں ووٹ جلانے، غیر معمولی پولنگ نتائج اور دیگر بے ضابطگیوں کی ویڈیوز موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے چیف الیکشن کمشنر سے متنازع حلقوں کے نتائج روکنے اور شواہد کا جائزہ لینے کی درخواست کی، مگر 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔راجا پرویز اشرف نے چیف جسٹس آزاد کشمیر سے بھی مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں کا ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی اور مطالبہ کیا کہ آئندہ انتخابی مراحل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔