رافیل طیارے زمین بوس، افواج پاکستان پر فخر ہے، راجہ پرویز اشرف کا قومی اسمبلی میں خطاب

رافیل طیارے زمین بوس، افواج پاکستان پر فخر ہے، راجہ پرویز اشرف کا قومی اسمبلی میں خطاب

اسلام آباد:سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بھارت کی حالیہ جارحیت پر سخت ردعمل دیا اور افواج پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بھارت کو جن رافیل طیاروں پر ناز تھا، وہ ہماری افواج نے زمین بوس کر دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے جنہوں نے دشمن کی بزدلانہ حرکت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی کی سیاست نفرت اور تعصب پر مبنی ہے، وہ ہمیشہ من گھڑت کہانیاں گھڑ کر پاکستان پر الزامات عائد کرتا ہے۔راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں رات کی تاریکی میں حملہ کیا، لیکن پاکستان نے صرف ملٹری اہداف کو نشانہ بنا کر واضح کر دیا کہ ہم امن چاہتے ہیں لیکن دفاع کے لیے پوری طرح تیار بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ سویلین آبادی کو نشانہ بناتا ہے جبکہ پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف دشمن کے عسکری اثاثوں کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو اپنی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری پر فخر ہے، اور وہ ہر محاذ پر ملک کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔