فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے فیفا ورلڈکپ 2026 پر ہونے والی تنقید کا سخت ردعمل دیتے ہوئے ناقدین پر منفی پروپیگنڈا اور بے بنیاد خبروں کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق انفانٹینو نے ایک کھلے خط میں کہا کہ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہونے والے ورلڈکپ کے دوران لاکھوں شائقین نے خوشی، اتحاد اور محفوظ ماحول کا تجربہ کیا، تاہم بعض ناقدین صرف خامیوں پر توجہ مرکوز کرتے رہے۔فیفا صدر نے دعویٰ کیا کہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران کسی بڑے تشدد یا سیکیورٹی واقعے کی اطلاع نہیں ملی اور فیفا نے دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کو کامیابی سے منعقد کیا۔تاہم ورلڈکپ کے دوران امریکی ویزا پابندیوں، ریفری کے فیصلوں اور بعض انضباطی معاملات پر فیفا کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انفانٹینو نے کہا کہ ریفریوں کے متنازع فیصلے دنیا کی بڑی فٹبال لیگز میں بھی سامنے آتے ہیں، اس لیے صرف ورلڈکپ کو تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں۔انہوں نے ایران، ہیٹی اور دیگر ممالک کی شرکت کو فٹبال کی عالمی یکجہتی کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے اور تمام ٹیموں کی کوششوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔