کوئی بھی ہمیں مفت میں کچھ نہیں دیتا: لیونل میسی کا ناقدین کو جواب

کوئی بھی ہمیں مفت میں کچھ نہیں دیتا: لیونل میسی کا ناقدین کو جواب

ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے فیفا کی جانب سے ارجنٹینا کو مبینہ طور پر فائدہ پہنچانے اور جانبداری کے الزامات پر اپنا ردعمل دے دیا ہے۔

 میسی نے واضح کیا کہ ان کی ٹیم کی کامیابیاں کسی اتفاق یا کسی کی مدد کا نتیجہ نہیں بلکہ مسلسل محنت اور بہترین کارکردگی کا ثمر ہیں۔سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیونل میسی سے سوال کیا گیا کہ کچھ حلقے ارجنٹینا کے حق میں مبینہ جانبداری کے الزامات عائد کر رہے ہیں، جس پر انہوں نے کہا کہ ارجنٹینا گزشتہ چار سال سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے، چاہے کچھ لوگوں کو یہ بات پسند آئے یا نہ آئے۔میسی کا کہنا تھا کہ "ہم نے جو کچھ حاصل کیا وہ اتفاق نہیں ہے، کسی نے ہمیں کچھ نہیں دیا، کوئی بھی ہمیں مفت میں کچھ نہیں دیتا۔" انہوں نے کہا کہ ٹیم نے اپنی محنت، صلاحیت اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ارجنٹائن کے کپتان نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی کو فٹبال کے عظیم کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا کے نام بھی کیا۔ میسی نے کہا کہ میراڈونا آج بہت خوش ہوتے، کیونکہ یہ دن ان کے لیے بھی خاص ہے۔واضح رہے کہ 1986 کے ورلڈ کپ میں ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے مشہور میچ میں ڈیاگو میراڈونا نے متنازع "ہینڈ آف گاڈ" گول اور ایک شاندار انفرادی گول کے ذریعے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی تھی، جو فٹبال تاریخ کے یادگار لمحات میں شمار ہوتا ہے۔

میسی نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف یہ فتح صرف ایک میچ کی کامیابی نہیں بلکہ ارجنٹائن کے فٹبال ورثے اور ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک خراجِ تحسین ہے۔فٹبال تجزیہ کاروں کے مطابق میسی کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ارجنٹینا کی مسلسل کامیابیوں اور بڑے ٹورنامنٹس میں اس کی کارکردگی پر مختلف حلقوں میں بحث جاری ہے۔ تاہم میسی نے اپنی ٹیم کی کامیابیوں کا دفاع کرتے ہوئے اسے کھلاڑیوں کی محنت، اتحاد اور عزم کا نتیجہ قرار دیا ہے۔