ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کی ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرائے جانے پر اعظم خان کا ناقدین کو جواب

ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کی ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرائے جانے پر اعظم خان کا ناقدین کو جواب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے 2024 کے ٹی 20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا ذمہ دار انہیں قرار دیے جانے پر ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ٹورنامنٹ کی ناکامی کا ملبہ ان پر ڈالنا ناانصافی ہے، کیونکہ انہوں نے ایونٹ میں صرف ایک میچ کھیلا اور محض ایک گیند کا سامنا کیا تھا۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے 28 سالہ اعظم خان کا کہنا تھا کہ ان کی فٹنس اور کھیلنے کی صلاحیت پر تنقید کرنے والوں کو قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی بھی دیکھنی چاہیے۔ ان کے مطابق بھارت کے خلاف اہم میچ میں پاکستان کے دیگر فٹ اور بہترین کھلاڑی بھی 120 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔اعظم خان نے اس بات پر سوال اٹھایا کہ جب ٹیم کے بیشتر کھلاڑی ہدف حاصل نہ کرسکے تو ٹورنامنٹ کی مجموعی ناکامی کا ذمہ دار صرف انہیں کیوں ٹھہرایا گیا۔واضح رہے کہ 9 جون 2024 کو نیویارک میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈکپ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔ بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 119 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 113 رنز بنا سکی تھی۔

اس میچ میں پاکستان کے پاس نسبتاً کم ہدف حاصل کرکے کامیابی سمیٹنے کا اچھا موقع تھا، تاہم بیٹنگ لائن بھارتی بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی۔ بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔اعظم خان نے ورلڈکپ میں امریکا کے خلاف پاکستان کے افتتاحی میچ میں شرکت کی تھی، تاہم وہ پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوکر گولڈن ڈک کا شکار ہوگئے تھے۔ اس کے بعد انہیں ٹورنامنٹ کے کسی اور میچ میں کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔