فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کو چوتھی مدت کے لیے حمایت حاصل کرنے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، جب افریقی فٹبال کنفیڈریشن نے اپنے 54 رکن ممالک کے اتحاد کے ساتھ متفقہ طور پر ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔
یہ کنفیڈریشن فیفا کے سب سے بڑے ووٹنگ بلاکس میں شمار ہوتی ہے، جس سے انفانٹینو کے لیے یہ ایک بڑی سیاسی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔تاہم، یورپی فٹبال تنظیم یوئیفا نے اس حوالے سے اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ ابھی بھی انفانٹینو کی قیادت پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہے۔ یوئیفا کا مؤقف ہے کہ ورلڈکپ کے تجارتی حقوق میں نجی سرمایہ کاری سے متعلق متنازعہ منصوبہ واپس لینے کے باوجود، فیفا نے مستقبل میں ایسے فیصلوں سے گریز کرنے کی ضمانت نہیں دی، اس لیے اس کا موقف بدستور برقرار ہے۔دوسری جانب، فیفا نے اپنے 211 رکن ممالک سے معذرت کی اور اعتراف کیا کہ فیصلے کے عمل میں خامیاں موجود تھیں۔ عالمی ادارہ نے وعدہ کیا ہے کہ اس معاملے کا مکمل اور جامع جائزہ لیا جائے گا۔ اسی دوران، جنوبی امریکی کنفیڈریشن نے بھی فیفا میں شفافیت اور ادارہ جاتی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے، یکطرفہ فیصلوں پر اپنی تشویش ظاہر کی ہے۔