جیانی انفانٹینو کے خلاف شکایت پر آئی او سی نے تحقیقات سے انکار کر دیا

جیانی انفانٹینو کے خلاف شکایت پر آئی او سی نے تحقیقات سے انکار کر دیا

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (IOC) نے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے خلاف دائر شکایت پر تحقیقات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم فیئر اسکوائر نے الزام عائد کیا تھا کہ انفانٹینو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت میں بیانات دے کر اولمپک چارٹر میں درج سیاسی غیر جانبداری کے اصول کی خلاف ورزی کی۔شکایت کا پس منظر فیفا کے اس فیصلے سے جڑا ہے جس میں امریکی فارورڈ فولارن بالوگن کی ریڈ کارڈ کے بعد ایک میچ کی خودکار پابندی کو 12 ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے بھی اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے اس معاملے پر انفانٹینو سے رابطہ کیا تھا۔آئی او سی نے اپنے بیان میں کہا کہ فیفا کی اندرونی گورننس، حکومتی تعلقات اور کھیل کے قوانین سے متعلق معاملات اس کے ضابطۂ اخلاق کے دائرۂ اختیار میں نہیں آتے، اس لیے اس شکایت پر کارروائی نہیں کی جا سکتی۔ دوسری جانب ناروے فٹبال فیڈریشن نے معاملہ فیفا کی ایتھکس کمیٹی کے سامنے اٹھانے پر غور شروع کر دیا ہے۔