پنجاب کے تمام نجی اسکولوں میں 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینا لازمی قرار

پنجاب کے تمام نجی اسکولوں میں 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینا لازمی قرار

لاہور: پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سکول ایجوکیشن نے صوبے کے تمام نجی اسکولوں میں 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کر دی۔

کمیٹی نے محکمہ تعلیم کو حکم دیا ہے کہ 10 روز کے اندر تمام نجی اسکولوں میں مستحق بچوں کے لیے مفت تعلیم یقینی بنائی جائے، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے لائسنس منسوخ کیے جا سکتے ہیں۔اجلاس کے دوران انکشاف ہوا کہ قانون موجود ہونے کے باوجود نجی اسکولوں میں 10 فیصد مفت تعلیم کی شرط پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ کمیٹی ارکان نے تجویز دی کہ محکمہ تعلیم خود مستحق بچوں کی نشاندہی کرکے انہیں نجی اسکولوں میں داخل کروائے اور صرف اسکولوں کی جانب سے فراہم کردہ ڈیٹا پر انحصار نہ کیا جائے۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے بتایا کہ تمام نجی اسکولوں کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا تاکہ مفت تعلیم کی پالیسی پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔