ویب ڈیسک:لاہور ہائیکورٹ نے پہلی سے دسویں جماعت تک مفت اور لازمی تعلیم فراہم کرنے کے لیے دائر کی گئی درخواست کو غیر موثر قرار دے کر نمٹا دیا۔
جسٹس جواد حسن نے شہری تنویر سرور کی درخواست پر سماعت کی، جس میں پنجاب حکومت کے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد عثمان خان نے حکومت کے اقدامات پیش کیے۔ جسٹس جواد حسن نے کہا کہ قرآن مجید میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر پہلی وحی کا لفظ "پڑھ" تھا اور عدالت کے پہلے حکم کی روشنی میں پنجاب حکومت نے موثراقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی فری تعلیم فراہم کرنے کا حکم دے چکی ہے اور حکومت اعلی عدالتوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کی پابند ہے۔ درخواست کی استدعا پوری ہونے کی وجہ سے درخواست نمٹا دی گئی۔
اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت بچوں کی انرولمنٹ تین لاکھ سے بڑھ کر چھ لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔