جاپان کے لیجنڈری فٹبالر کازویوشی میورا نے ایک بار پھر عمر کو مات دیتے ہوئے تقریباً چار سال بعد گول اسکور کر کے فٹبال کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کر دی۔
59 سالہ میورا نے جاپان کے ایمپیرر کپ میں فُوکوشیما یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے ایواکی فوروکاوا کے خلاف میچ کے 52ویں منٹ میں گول کیا۔ یہ ان کا نومبر 2022 کے بعد پہلا گول ہے، جب انہوں نے سوزوکا پی جی (موجودہ اٹلیٹیکو سوزوکا) کی جانب سے ایف سی اوساکا کے خلاف گول اسکور کیا تھا۔"کنگ کازو" کے نام سے مشہور میورا جاپان کے مقبول ترین فٹبالرز میں شمار ہوتے ہیں اور 1993 میں جے لیگ کے آغاز کے وقت وہ اس لیگ کی نمایاں ترین شخصیت تھے۔1986 میں برازیل کے معروف کلب سانتوس سے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز کرنے والے میورا اٹلی، کروشیا اور آسٹریلیا میں بھی کلب فٹبال کھیل چکے ہیں۔
ان کا شاندار کیریئر اب 42ویں سیزن میں داخل ہونے جا رہا ہے، کیونکہ فُوکوشیما یونائیٹڈ نے ان کے معاہدے میں جون 2027 تک توسیع کر دی ہے۔جاپان کی قومی ٹیم کے لیے 89 میچوں میں 55 گول کرنے والے میورا اس خواہش کا اظہار بھی کر چکے ہیں کہ وہ اپنی 60ویں سالگرہ کے بعد بھی پیشہ ورانہ فٹبال کھیلتے رہیں گے۔