فٹبالر کی ہلاکت پر گول کیپر غم سے نڈھال، بولے ’زندگی کے مشکل ترین دن ہیں‘

فٹبالر کی ہلاکت پر گول کیپر غم سے نڈھال، بولے ’زندگی کے مشکل ترین دن ہیں‘

اسپینش فٹبال لیگ کے ایک میچ کے دوران تصادم کے نتیجے میں 30 سالہ فٹبالر جیسس ڈی میگوئل کی ہلاکت نے کھیل کی دنیا کو سوگوار کردیا، جبکہ واقعے میں ملوث گول کیپر جیسس اوونو نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنی زندگی کے مشکل ترین دن قرار دیا ہے۔

یہ افسوسناک واقعہ ایف سی اینڈورا اور ٹینیریف کے درمیان میچ کے آخری لمحات میں پیش آیا، جب ایف سی اینڈورا کے گول کیپر جیسس اوونو گول سے باہر آئے اور ٹینیریف کے فارورڈ جیسس ڈی میگوئل سے ٹکرا گئے۔تصادم کے دوران گول کیپر کا گھٹنا ڈی میگوئل کے سینے پر لگا، جس کے باعث وہ میدان میں گر پڑے۔ طبی عملے نے فوری طور پر انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں اسپتال منتقل کردیا، جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا۔ اگلی صبح ان کی موت کی تصدیق کردی گئی۔واقعے کے بعد گول کیپر جیسس اوونو نے اپنے بیان میں شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی زندگی کے مشکل ترین دن ہیں اور وہ اب تک اس سانحے کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔

انہوں نے مرحوم کھلاڑی کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دل میں جیسس ڈی میگوئل اور ان کے چاہنے والوں کے لیے بے حد دکھ ہے۔دوسری جانب واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پراسیکیوٹر کے مطابق گول کیپر جیسس اوونو کے خلاف فوجداری کارروائی کا امکان انتہائی کم ہے۔واقعے کے بعد اوونو کو سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا، تاہم ان کے کلب ایف سی اینڈورا اور ایکواٹوریل گنی فٹبال فیڈریشن نے ان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔