اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) آل پاکستان آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میر شمس شاہوانی نے کہا ہے ملک بھر میں آئل ٹینکرز کی سپلائی کسی بھی صورت معطل نہیں کی جائے گی اور موجودہ نازک حالات میں آئل ٹینکر مالکان پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ فریقوں کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ پورے ملک میں آئل ٹینکرز کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل بلا تعطل جاری رہے گی تاکہ عوام اور صنعتوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔میر شمس شاہوانی نے بتایا کہ اسلام آباد میں وزیراعظم کے مشیر اور متعلقہ وزارتوں کے حکام کے ساتھ کرایوں، ٹرانسپورٹ اخراجات اور آئل ٹینکرز کو درپیش مسائل پر مسلسل اجلاس جاری ہیں جبکہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کرپٹ مافیا کے خلاف فوری اور مو?ثر کارروائی کریں اور حکومت کسی بھی قسم کے دبا ئویا بلیک میلنگ میں آئے بغیر عوامی مفاد میں فیصلے کرے۔