’’کرائے بڑھائو’’ آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی دھمکی

آج سے کوئی آئل ٹینکر لوڈ نہیں کیا جائے گا، کرائے بڑھنے تک ٹینکرز نہیں چلیں گے 
وزیر پٹرولیم سے مذاکرات کی درخواست کی لیکن پیشرفت نہ ہوئی ،عبداللہ آفریدی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات میں بڑے اضافے کے بعد آئل ٹینکر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن نے کرائے بڑھانے کیلئے ہڑتال کی دھمکی دے دی، آئل ٹینکر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے صدر عبداللہ آفریدی نے کہا ہے کہ آ ج سیکسی بھی آئل ٹینکر کو لوڈ نہیں کیا جائے گا، موجودہ کرایوں میں کام کرنا ممکن نہیں، شدید مالی نقصان کا خدشہ ہے، نقصان سے بہتر ہے گاڑیاں کھڑی رکھیں،عبداللہ آفریدی نے کہا کہ آئل ٹینکرز کی ہڑتال کے باعث خیبرپختونخوا، پنجاب سمیت دیگر علاقوں میں سپلائی متاثر ہونے کا امکان ہے، ایک ہفتے سے حکام سے رابطے جاری ہیں، وزیر پٹرولیم علی پرویز سے متعدد بار رابطہ اور خطوط ارسال کرچکے ہیں، مذاکرات کی درخواست کی مگر کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہو سکی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پائپ لائن کوٹے میں تبدیلی سے ٹینکر مالکان متاثر ہورہے ہیں، جب تک کرایہ نہیں بڑھایا جاتا، ٹینکرز نہیں چلیں گے، مطالبات منظور نہ ہوئے تو ملک گیر ہڑتال اور احتجاج کا اعلان کیا جائے گا۔