امریکی کانگریس کے وفد کا لاہور کے تاریخی وثقافتی مقامات کادورہ

 مزاراقبال پرحاضری ، خراجِ عقیدت پیش ،ڈی جی والڈسٹی اتھارٹی کی بریفنگ
 پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی بھی گئے، دورے کے اختتام پر یادگاری شیلڈ پیش 
 لاہور (خصوصی رپورٹ، کرائم رپورٹر) امریکی کانگریس کے اراکین ریان زنکے اور مائیکل بامگارٹنر پر مشتمل وفد نے لاہور کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کا دورہ کیا۔ وفد نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر حاضری دے کر خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ شاہی قلعہ، حضوری باغ، دیوانِ عام، دیوانِ خاص، شیش محل، عالمگیری دروازہ، پِکچر وال اور بادشاہی مسجد کا بھی تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی نجم الثاقب نے وفد کو لاہور کے تاریخی ورثے، اس کی بحالی اور ثقافتی اہمیت سے متعلق بریفنگ دی۔ امریکی وفد نے تاریخی ورثے کے تحفظ اور بحالی کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ثقافتی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔بعد ازاں امریکی وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا، جہاں منیجنگ ڈائریکٹر محمد احسن یونس اور چیف آپریٹنگ آفیسر مستنصر فیروز نے ان کا استقبال کیا۔ وفد کو جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی)، انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم، اسمارٹ سرویلنس، جدید کیمروں اور پنجاب بھر میں مانیٹرنگ کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد کو پنجاب پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی رابطے، ایمرجنسی ہیلپ لائن 15، ویمن سیفٹی ایپ، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن، ورچوئل چائلڈ سیفٹی سینٹر اور ٹریفک مینجمنٹ سسٹم سے بھی آگاہ کیا گیا۔ امریکی وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جدید ٹیکنالوجی پر مبنی خدمات کو سراہا، جبکہ دورے کے اختتام پر انہیں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔