وفد میں کوریا، میانمار ، نیپال ، ویتنام ، ایتھوپیا، برونائی ،انڈونیشیا کے سفیر شامل
لاہور(خصوصی رپورٹ )والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے ثقافتی و سفارتی اقدام کے تحت 19ممالک کے سفیروں کی دوسرے روز بھی میزبانی کی جس کا مقصد لاہور کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنا اور پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے پیش کرنا تھا۔ترجمان کے مطابق اس دورے کے دوران سفیروں نے نیشنل کالج آف آرٹس، لاہور میوزیم، تاریخی ٹولنٹن مارکیٹ اور خوبصورت وزیر خان بارہ دری کا دورہ کیا، ان مقامات کے دورے نے مہمانوں کو لاہور کی شاندار فن تعمیر اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرایا۔ وفد میں شامل سفیروں کا تعلق کوریا، میانمار، نیپال، ویتنام، ایتھوپیا، برونائی دارالسلام، انڈونیشیا، فلپائن، آذربائیجان اور سری لنکن ہائی کمیشن سے تھا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد لاہور کے فن تعمیر، بحالی کے جاری کاموں کو اجاگر کرنا اور پاکستان کا ایک پرامن اور مثبت عکس عالمی برادری کے سامنے پیش کرنا تھا۔بعدازاں وفد نے بادشاہی مسجد کا دورہ کیا اور مزار علامہ اقبال پر حاضری دی۔دن کا اختتام شاہی قلعہ لاہور میں منعقد ہونے والی رنگا رنگ ثقافتی و موسیقی کی محفل پر ہوا جس میں روایتی موسیقی، رقص اور مقامی فنونِ لطیفہ کا مظاہرہ کیا گیا۔