پنجاب میں رجسٹرڈ ہونے والی تمام گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں مالکان کے نام پر رجسٹرڈ ہوں گی ‘ اسی بنیاد پر انہیں نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی
کوئی گاڑی ٹرانسفر کی جائے گی تو اس کی نمبر پلیٹ پرانا مالک اپنے پاس رکھے گا‘خریدار نیا نمبر لے گا یا پہلے سے موجود کوئی نمبرگاڑی پر لگائے گا
لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت نے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن اور نمبر پلیٹس کے حوالے سے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ اب گاڑیوں کو نمبر پلیٹ جاری نہیں کی جائے گی بلکہ نمبر پلیٹ براہ راست مالک کے نام پر جاری ہوگی۔ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کے مطابق صوبے بھر میں رجسٹرڈ ہونے والی تمام گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں مالکان کے نام پر رجسٹر ہوں گی اور اسی بنیاد پر انہیں نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی۔ اگر کوئی گاڑی ٹرانسفر کی جائے گی تو اس کی موجودہ نمبر پلیٹ اتار کر پرانا مالک اپنے پاس رکھے گا۔نیا خریدار یا تو ایک نیا نمبر حاصل کرے گا یا اگر اس کے پاس پہلے سے کوئی نمبر موجود ہے تو وہی اپنی نئی گاڑی پر آویزاں کر سکے گا۔ اس فیصلے کے تحت نمبر پلیٹس کی کیٹگریز بھی مقرر کی جائیں گی جن کی بنیاد پر موٹرسائیکل اور گاڑیوں پر مخصوص نمبر آویزاں کیے جا سکیں گے۔حکام کے مطابق اگر کوئی شہری اپنی پرانی نمبر پلیٹ نئی گاڑی پر لگوانا چاہے گا تو اسے 500 روپے سے لے کر 8000 روپے تک کی اضافی فیس ادا کرنا ہو گی جو گاڑی یا موٹرسائیکل کی کیٹگری اور نمبر کی نوعیت پر منحصر ہو گی۔ایکسائز حکام نے اس نئے نظام کے اطلاق کے لیے متعلقہ قوانین میں ترامیم اور نئے رولز تشکیل دے کر ان کی سمری حکومت پنجاب کو ارسال کر دی ہے۔ امکان ہے کہ اگلے ماہ کے پہلے ہفتے سے اس نظام پر باقاعدہ عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے تاکہ کسی گاڑی کے مالک کی شناخت واضح اور محفوظ طریقے سے ممکن بنائی جا سکے۔ اس اقدام سے نہ صرف گاڑیوں کی خرید و فروخت میں شفافیت آئے گی بلکہ کسی بھی غیرقانونی سرگرمی میں استعمال ہونے والی گاڑی کا سراغ لگانا بھی آسان ہو جائے گا۔