ٹماٹر کی قیمت میں آگ، فی کلو نرخ 400 روپے تک جا پہنچا

ٹماٹر کی قیمت میں آگ، فی کلو نرخ 400 روپے تک جا پہنچا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹماٹر کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں معیاری ٹماٹر 400 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ سستے بازار میں بھی اس کی قیمت 277 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔

اتوار کو سبزی خریدنے کے لیے بازار آنے والے شہری مہنگے ٹماٹروں کو دیکھ کر پریشان نظر آئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کم قیمت والا ٹماٹر معیاری نہیں، جبکہ اچھے معیار کا ٹماٹر 400 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ بارڈر کی بندش اور مقامی پیداوار میں کمی کے باعث ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم شہریوں کے مطابق مہنگائی کا اصل بوجھ ہمیشہ عام آدمی کو ہی برداشت کرنا پڑتا ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں بھی ٹماٹر کی قیمتیں مزید بڑھ کر 450 سے 500 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہیں، جہاں ایرانی اور کوئٹہ کے ٹماٹر 450 سے 500 روپے فی کلو یا 110 سے 125 روپے فی پاؤ کے حساب سے فروخت کیے جا رہے ہیں۔