کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، بعض ریٹیل مارکیٹوں میں ٹماٹر 560 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
ہول سیل تاجروں کے مطابق ریٹیلرز ہول سیل نرخ سے دوگنا یا اس سے بھی زیادہ قیمت وصول کر رہے ہیں، جبکہ ہول سیل قیمت اس وقت 250 سے 300 روپے فی کلوگرام کے درمیان ہے۔بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث صارفین کم مقدار میں خریداری پر مجبور ہیں، اور اکثر لوگ صرف 250 گرام ٹماٹر خرید رہے ہیں تاکہ روزمرہ ضرورت پوری ہو سکے۔فلاحی انجمن ہول سیل ویجیٹیبل مارکیٹ سپر ہائی وے کے صدر حاجی شاہ جہان کے مطابق، ٹماٹروں کی قلت کی بڑی وجہ بلوچستان کی فصل کے اختتامی مرحلے پر پہنچ جانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایران سے ٹماٹروں کی آمد بہت محدود ہے، جبکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدہ سرحدی حالات کے باعث افغان ٹماٹروں کی ترسیل بھی تقریباً بند ہے۔