ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ، اس کو ابھارنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے:میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے رکن کانگریس اور ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر راجہ محمد اشتیاق نے کہا ہے کہ ملک میں سفارشی اور پرچی سسٹم چھوڑے بغیر کھیلوں کی ترقی ممکن ہے اور گراس روٹ سطح پر نئے انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دور تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے کئی دہائیوں تک دنیا پر حکمرانی کر رکھی تھی جن میں ہاکی، سکواش اور کرکٹ کے کھیل شامل تھے۔ آہستہ، آہستہ یہ اعزازات ہمارے ہاتھوں سے نکلتے گئے اس کی کیا وجہ تھی۔ کیا کھلاڑیوں نے محنت کرنی چھوڑ دی۔ نہیں بلکہ کھیلوں میں سیاست آگئی اور آرگنائزرز نے ایمانداری اور دیانتداری سے کام کرنا چھوڑ دیا۔ فیڈریشنز کے عہدیداروں نے اپنی، اپنی کرسیاں بچانے کے لئے کھلاڑیوں کی سلیکشن میں میرٹ کا خیال رکھنا بند کر دیا جس سے ملک میں کھیلوں کا معیار گرتا گیا اور کھیلوں کو تباہی کے دہانے پر لا کر کھڑا کردیا۔ گراس روٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں راجہ اشتیاق نے کہا کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ جس کے لئے کھیلوں میں انڈر-14، انڈر-17 اور انڈر-19 کے باقاعدگی مقابلے منعقد ہونے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں تعلیمی ادارے اپنا اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔