لاہور ہائیکورٹ کا سرکاری ہسپتالوں میں پرچی سسٹم ختم کرنے کا حکم

 پبلک ہیلتھ کیئر سروسز اور انتظامی نظام بہتر بنانے کا حکم دے دیا، چار ہفتوں کی مہلت 
لاہور (زیڈ این این)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ملک جاوید اقبال وینس نے سرکاری ہسپتالوں میں پرچی سسٹم پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نظام کو بہتر بنانے کے لیے چار ہفتوں کی مہلت دے دی ہے۔ عدالت نے چھ سال قبل دائر کی گئی درخواست پر حکم جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جامع تعمیل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور عدالتی حکم عدولی پر توہینِ عدالت کی کارروائی کا عندیہ بھی دیا ہے۔سماعت کے دوران سپیشل سیکرٹری ہیلتھ نبیلہ عرفان اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل بیرسٹر راجہ ہاشم پیش ہوئے۔ سپیشل سیکرٹری ہیلتھ نے عدالت کو بتایا کہ ایمرجنسی یا او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کو اب رجسٹریشن کے لیے لمبی قطاروں میں نہیں کھڑا ہونا پڑے گا، بلکہ ایک جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ طبی امداد میں بلاوجہ تاخیر کو روکا جا سکے۔