بلوچستان کے ضلع چاغی میں پاک ایران آر سی ڈی شاہراہ پر ایک شدید ٹریفک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت سات افراد ہلاک اور تین شدید زخمی ہو گئے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار خواتین، دو بچے اور ایک مرد شامل ہیں۔ حادثہ ایک پراڈو اور ڈبل کیبن گاڑی کے درمیان پیش آیا، جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں و جاں بحق افراد کو یک مچ سے دالبندین پرنس فہد اسپتال منتقل کیا۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد تشویشناک حالت میں کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔ایس ایچ او یک مچ کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم ابتدائی طور پر تیز رفتاری یا لاپرواہی کو ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔