بھارت میں خوفناک ٹریفک حادثہ، منی بس اور ٹرک میں تصادم سے 26 افراد ہلاک، 20 زخمی

بھارت میں خوفناک ٹریفک حادثہ، منی بس اور ٹرک میں تصادم سے 26 افراد ہلاک، 20 زخمی

گوہاٹی: بھارتی ریاست آسام میں منی بس اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد ہلاک جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔

حادثے میں منی بس پر سوار بیشتر افراد کالج کے طالب علم تھے، جو کلاسز ختم ہونے کے بعد اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک حادثہ آسام کے علاقے قاضی رنگا کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار منی بس اور ٹرک آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں کو بھاری نقصان پہنچا اور متعدد افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔رپورٹس کے مطابق منی بس گولاگھاٹ سے ناگاؤں کی جانب جا رہی تھی، جس میں کالج کے متعدد طلبہ سمیت دیگر مسافر بھی سوار تھے۔ دوسری جانب ٹرک آسام کی طرف رواں دواں تھا کہ راستے میں دونوں گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق حادثے میں 20 افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

حکام نے زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران حادثے میں پھنسے افراد کو نکالنے اور لاشوں کو اسپتال منتقل کرنے کے اقدامات کیے گئے۔دوسری جانب پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔ ابتدائی طور پر تصادم کی وجہ سامنے نہیں آسکی، جبکہ متعلقہ حکام حادثے کے حالات اور گاڑیوں کی نقل و حرکت کا جائزہ لے رہے ہیں۔