بسنت کے موقع پر اندرون لاہور کے متعدد رہائشیوں کے لیے خوشیاں ماند پڑ گئی ہیں کیونکہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے شہر کے پرانے اور خستہ عمارتوں کی 346 چھتوں کو خطرناک قرار دے کر بسنت منانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
بسنت کے دوران درجنوں خستہ و مخدوش عمارتوں کی چھتیں خطرناک قرار دی گئی ہیں، جن میں شہر کے تاریخی علاقوں اکبری منڈی، دہلی گیٹ، بھاٹی گیٹ، کشمیری گیٹ اور موچی گیٹ شامل ہیں۔ اتھارٹی نے متعلقہ عمارتوں کے مالکان کو نوٹس جاری کر دیے ہیں اور خطرناک چھتوں پر بسنت منانے کی سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔مزید برآں، والڈ سٹی اتھارٹی نے ان عمارتوں کے باہر نوٹس چسپاں کر دیے ہیں تاکہ عوام کو واضح اطلاع مل سکے۔ شہر کے تمام مشہور دروازے اور بازاروں کے باہر آگاہی بینرز بھی آویزاں کر دیے گئے ہیں تاکہ شہری بسنت کے دوران خطرناک عمارتوں کی چھتوں سے دور رہیں اور کسی قسم کے حادثات سے بچ سکیں۔