ضلعی انتظامیہ پشاور نے خستہ حال اور خطرناک عمارتوں میں قائم 13 نجی اسکولوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے عمارتیں فوری طور پر خالی کرنے اور طلبہ و طالبات کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق انسپیکشن ٹیم کی رپورٹ میں 13 نجی اسکولوں کی عمارتوں کو خستہ حال اور خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ان عمارتوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا جاری رہنا طلبہ و طالبات کی زندگیوں کے لیے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔انتظامیہ نے متعلقہ اسکولوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ عمارتیں فوری طور پر خالی کی جائیں اور وہاں زیرتعلیم بچوں کو کسی محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ ہدایات پر عمل درآمد نہ ہونے اور کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں متعلقہ اسکول انتظامیہ ذمہ دار ہوگی۔