بھارتی میڈیا نے ایک مرتبہ پھر چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے غیر مصدقہ افواہیں پھیلانی شروع کردی ہیں، جن میں کہا جا رہا ہے کہ پاکستان میں اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش میں تاخیر ہو رہی ہے۔
اس حوالے سے رپورٹس میں الزام عائد کیا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں صحافیوں کا داخلہ بند کردیا ہے تاکہ اسٹیڈیمز کی تعمیر کے بارے میں کوئی معلومات باہر نہ آئیں۔رپورٹس کے مطابق، پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ صحافیوں کو اسٹیڈیمز کا دورہ صرف ایک دن فراہم کیا جائے گا، جس دن بورڈ کے نمائندے موجود ہوں گے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی منفی خبریں پھیلانے سے بچنا ہے، تاکہ آئی سی سی ایونٹ کو کسی دوسرے ملک میں منتقل نہ کرے۔تاہم، اس کے برعکس پی سی بی کے ذرائع نے کہا ہے کہ اسٹیڈیمز کی تعمیر تقریباً آخری مراحل میں پہنچ چکی ہے اور چیمپئینز ٹرافی کی تیاریوں میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی قیادت میں اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ ان اقدامات کا مقصد پاکستان میں ہونے والے میگا ایونٹ کو کامیاب بنانا ہے اور بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے سے نمٹنا ہے۔چیمپئینز ٹرافی کا آغاز 19 فروری 2025 کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہونے والا ہے۔ اس سے قبل پاکستان سہ ملکی سیریز کی میزبانی بھی کرے گا، جس میں پاکستان، نیوزی لینڈ، اور جنوبی افریقہ شامل ہوں گے۔