نجی ای میل سروسز کے استعمال سے قومی سائبر سکیورٹی کو سنگین خطرات لاحق ہیں
تمام سرکاری خط و کتابت رجسٹرڈ سرکاری ای میل ایڈریسز کے ذریعے کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وزارتِ خزانہ نے وفاقی حکومت کی ہدایات پر سرکاری خط و کتابت کی رازداری اور ڈیٹا سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام سرکاری افسران اور محکموں میں ذاتی ای میل ایڈریسز کے استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔وزارتِ خزانہ نے یہ احکامات وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی ہدایات کی روشنی میں جاری کیے۔ اعلامیہ کے مطابق بعض سرکاری حکام سرکاری دستاویزات اور مراسلہ کے لیے Gmail، Yahoo اور Hotmail جیسی نجی ای میل سروسز استعمال کر رہے تھے، جو قومی سائبر سکیورٹی اور ڈیٹا کی سالمیت کے لیے خطرہ ہے کیونکہ یہ سرورز حکومتی محفوظ آئی ٹی نظام سے باہر کام کرتے ہیں۔حکومت نے ہدایت کی ہے کہ تمام سرکاری خط و کتابت، بالخصوص باضابطہ دستاویزات، رپورٹس اور میمورنڈم کا تبادلہ صرف رجسٹرڈ سرکاری ای میل ایڈریسز مثلاً ( department.gov.pk) کے ذریعے کیا جائے۔ ذاتی یا غیر سرکاری ای میل کے ذریعے سرکاری معلومات کی ترسیل فوری طور پر ممنوع قرار دے دی گئی ہے۔وزارتِ خزانہ نے تمام محکموں اور اداروں کو نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی سکیورٹی بورڈ (NTISB) اور کابینہ ڈویڑن کے جاری کردہ سکیورٹی پروٹوکولز پر عمل در آمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔