ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کے نئے سلسلے نے سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔
کئی شہروں میں موسم شدید سرد ہو چکا ہے جبکہ برفباری اور موسلا دھار بارش کے باعث سڑکیں بند، بجلی کی فراہمی معطل اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔لاہور میں بارش کے بعد موسم کا مزاج یکسر تبدیل ہو گیا ہے۔ ٹھنڈی اور یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 94 فیصد تک پہنچ چکا ہے اور 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ بارش کے باعث دھند اور فضائی آلودگی میں بھی واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 فیصد تک بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
کراچی میں شمال مشرقی سمت سے چلنے والی سرد ہواؤں نے سردی کی نئی لہر کو جنم دے دیا ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بارش کے بعد فضائی معیار بہتر ہو کر کراچی آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 72ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر اور وادی تیراہ میں موسلا دھار بارش اور شدید برفباری سے موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ سوات کے مینگورہ اور گردونواح میں تیز بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، جی ٹی روڈ قمبر کے مقام پر پانی جمع ہونے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں، تاہم ریسکیو اور انتظامیہ نے بروقت کارروائی کی۔ بالائی علاقوں کالام، مالم جبہ، مہوڈنڈ اور گبین جبہ میں برفباری جاری ہے جبکہ اپر سوات ڈیولپمنٹ اتھارٹی برف ہٹانے کے کام میں مصروف ہے۔
مانسہرہ میں 12 سال بعد برفباری ہوئی جس سے شہر اور بالائی علاقوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ شوگران میں ایک فٹ جبکہ کاغان میں چھ انچ تک برف پڑ چکی ہے۔ شدید برفباری کے باعث بجلی کی فراہمی معطل اور کاغان و شوگران روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کے باعث سردی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ بالائی وادی نیلم کی متعدد رابطہ سڑکیں بند جبکہ لیپہ کو ملانے والی شاہراہ ریشیاں سے ٹریفک معطل ہے۔ وادی نیلم میں کیل میں درجہ حرارت منفی 10 اور تاوبٹ میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ 12 گھنٹوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا۔ ٹریفک پولیس سڑکوں پر تعینات رہی جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں زیارت، کوژک ٹاپ، قلات، مسلم باغ، توبہ کاکڑی اور چمن میں بارش اور برفباری سے شدید سردی پڑ گئی۔ قلات میں موسم سرما کی پہلی برفباری ریکارڈ کی گئی جہاں درجہ حرارت منفی 10 ڈگری تک گر گیا۔
لواری ٹنل اور اطراف میں برفباری کے بعد این ایچ اے کی مشینری سڑکوں کی بحالی میں مصروف ہے جبکہ راستے ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔ مری، چترال اور لاسپور میں بھی برفباری جاری ہے اور پولیس و ریسکیو ادارے ہائی الرٹ ہیں۔
پیسکو ریجن میں بارش کے باعث پشاور، مردان، بنوں، خیبر اور ڈی آئی خان میں 35 فیڈرز ٹرپ ہو گئے تاہم بجلی بحالی کا کام جاری ہے۔
محکمہ موسمیات، این ڈی ایم اے اور صوبائی اداروں نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔