،چمن اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، کوئٹہ ‘ گردونواح ، زیارت اور قلات میں برفباری
مری میں شدید برفانی طوفان کی پیشگوئی،آزادکشمیر میں برف باری سے 11 گھر تباہ، لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش
اسلام آباد،لاہور،کوئٹہ (آ ئی این پی )ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ایران کے راستے ایک اور مغربی موسمی سسٹم بلوچستان میں د اخل ہوگیا جس کی وجہ سے برف باری اور بارش شروع ہوگئی۔چمن شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔وادی کوئٹہ اور گردونواح میں ہلکی برفباری جبکہ زیارت اور قلات میں بھی برفباری ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات نے آج منگل تک ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ادھرملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے ہر سو سفیدی چھا گئی، کیلاش میں نظارے مزید نکھر گئے۔وادی نیلم میں ایک مرتبہ پھر ہلکی برف باری ہوئی، گریس ویلی میں پانچ فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے، بجلی کی بحالی کا کام جاری رہا، گریس ویلی تک جانے والی سڑک بند کر دی گئی، وادی لیپہ میں شدید برفباری کے باعث زمینی رابطہ منقطع ہرگیا۔پاک فوج کا کامیاب ہیلی ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری رہا، طبی پیچیدگی کی شکار مریضہ کو ہیلی ایمرجنسی سہولت سے راولپنڈی ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا۔برفباری کے باعث پھنسے شہریوں کو ریسکیو کرنے کیلئے پاک فوج کی کارروائی بھی جاری رہی، کوٹلی نکیال سڑک کو ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا، پیر نسورہ میں متعدد خاندانوں کو ریسکیو کرکے خوراک اور دیگر امدادی اشیا فراہم کی گئیں