غذر میں آسمانی بجلی گرنے سے کئی مقامات پر لینڈسلائیڈنگ، مکانات اور فصلیں تباہ ہو گئیں
گلگت بلتستان میں کلاڈ برسٹ سے سیلابی صورتحال، درجنوں گھروں، دکانوں، پاور سٹیشن کو نقصان
گلگت‘لکی مروت (آئی این پی) گلگت بلتستان کے علاقے غذر میں آسمانی بجلی گرنے سے کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دو دیہات کے درجنوں گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔لینڈ سلائیڈنگ کے باعث غذر میں کئی رہائشی مکانات مکمل تباہ ہو گئے جبکہ درجن سے زائد گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ دکانوں، فصلوں اور پھل دار درختوں کو بھی نقصان پہنچا۔ضلع غذر کی وادی اشکومن میں کلاڈ برسٹ (تیز بارش) کے باعث سیلاب آگیا، جس نے درجنوں گھروں، دکانوں اور اہم بنیادی ڈھانچے، بشمول ایک پاور اسٹیشن، کو نقصان پہنچایا‘لکی مروت میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو ترجمان کے مطابق افسوسناک واقعہ لکی مروت میں قلعہ گرانڈ کے قریب کچی آبادی میں پیش آیا، جہاں گزشتہ رات سے جاری بارش کی وجہ سے خستہ حال کچے مکان کی چھت گر گئی۔۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں ڈوبنے سے 2 بچے جاں بحق ہوئے جس کے بعد بارشوں کے باعث ملک میں جاں بحق افراد کی تعداد 291 ہوگئی جب کہ 698 افراد زخمی ہوئے۔