خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برفباری ‘سوات کی تحصیل مٹہ میں لینڈ سلائیڈنگ
لاہور کی فضائی آلودگی میں نمایاں کمی ہوگئی، عالمی رینکنگ میں 15 ویں نمبر پر آگیا
لاہور،پشاور(آئی این پی) لاہور کی فضائی آلودگی میں نمایاں کمی واقع ہوگئی، ایئر کوالٹی انڈیکس 115 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث شہر عالمی رینکنگ میں 15 ویں نمبر پر آ گیا۔دوسری جانب خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برفباری سے موسم انتہائی سرد ہوگیا، بابوسر ٹاپ پر شدید برفباری کے باعث بیسر سے آگے راستے بند ہوگئے، خراب موسم کے باعث دو آئل ٹینکر پھنس گئے، اپر ہنزہ کے پہاڑوں اور خنجراب پاس پر بھی برفباری ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ ادھر ضلع سوات کی تحصیل مٹہ کے مضافاتی علاقہ ڈوغلگوں بہا میں لینڈ سلائیڈنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ پہاڑی سے مٹی اور پتھر گرنے سے ایک گھر کو شدید نقصان پہنچا ہے،تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوااور اہل خانہ محفوظ رہے۔اپر چترال کے تورکہو، تریچ، کھوت، اجنو، ریچ، بروغل، یارخون اور شندور میں برفباری ہوئی، جبکہ لوئر چترال کے گرم چشمہ، کریم آباد، کالاش ویلیز کے بالائی دیہات، لواری ٹنل، گولین اور مڈک لشٹ نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔ لواری ٹنل پر برفباری کے باوجود ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔ دیر بالا کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی شہری آبادیوں میں بارش اور بالائی مقامات پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔وادی کمراٹ روڈ پر چیراگلی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک ٹریفک کے لئے بند ہوگئی، جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔