لاہور(آئی این پی )لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش اور لو پریشر کی شکایات میں اضافہ ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو روزمرہ امور خصوصا کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں شفیق آباد، بند روڈ، سمن آباد، شالیمار، باغبانپورہ، سلامت پورہ، داروغہ والا، یتیم خانہ‘ساندہ اور مزنگ سمیت مختلف علاقوں کے مکین گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر سے پریشان ہیں۔گیس کی مسلسل بندش کے باعث شہری متبادل ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں اور کھانا پکانے کیلئے ایل پی جی سلنڈر اور لکڑی جلانے کا سہارا لے رہے ہیں، جس سے گھریلو اخراجات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور کھانے کے اوقات میں گیس کا مناسب پریشر فراہم کیا جائے تاکہ انہیں روزمرہ کی مشکلات سے نجات مل سکے۔