سوئی سدرن 8‘ سوئی ناردرن نے گیس3 فیصد سستی کردی سردیوں میں فراہمی کیلئے ہدایات جاری کردیں:علی پرویز ملک

ایس این جی کی اوسط قیمت 3 فیصد کمی کے بعد 1804.08 ‘ایس ایس جی کی اوسط قیمت 8 فیصد کمی کے بعد 1549.41 روپے مقرر
 کھانے کے اوقات کے علاوہ بھی صبح پانچ بجے سے رات دس بجے تک عوام کو گیس مسلسل مل رہی ہے:ایم ڈی سوئی ناردرن کا دعوی
اسلام آباد(آن لائن)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے گیس کی قیمتوں میں کمی کااعلان کیا ہے‘سوئی سدرن کی قیمت میں 8فیصد اور سوئی نادرن کی قیمت میں تین فیصد کمی کر دی گئی۔اوگرا کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق اوگرا نے ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی ایل کی ریونیو ریکوائرمنٹ کا جائزہ مکمل کر لیا۔2025-26 کے لیے ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی ایل کی اوسط مقررہ قیمتوں میں کمی کی گئی ہے ۔ایس این جی پی ایل کی اوسط قیمت 3 فیصد کمی کے بعد 1804.08 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقررکی گئی ہے جبکہ ایس ایس جی سی ایل کی اوسط قیمت 8 فیصد کمی کے بعد 1549.41 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقررکی گئی ہے ۔ نئی قیمتوں کی منظوری کے بعد اوگرا نوٹیفکیشن جاری کرے گا، اس وقت تک موجودہ کیٹیگری وار گیس قیمتیں برقرار رہیں گی،فیصلے کی تفصیلات اوگرا کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں‘دریں اثناء وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت سردیوں میں گیس لوڈ منیجمنٹ کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ایم ڈی سوئی نادرن اور سوئی سدرن نے ملک بھر میں گیس دستیابی پر بریفنگ دی۔علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عوام کو سردیوں میں گیس فراہمی میں سہولت یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں،سوئی کمپنیوں کو عوام کی سہولت کے لیے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیںایم ڈی سوئی ناردرن نے بتایا کہ کھانے کے اوقات کے علاوہ بھی صبح پانچ بجے سے رات دس بجے تک عوام کو گیس مسلسل مل رہی ہے۔