آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز 28 جنوری 2025 سے ہوگا۔
اس ٹورنامنٹ کے جنرل اسٹینڈز کے ٹکٹ کی قیمت 1,000 پاکستانی روپے رکھی گئی ہے، جبکہ پریمیئم سیٹس مختلف کیٹیگریز میں 1,500 روپے سے دستیاب ہوں گی۔ شائقین کو ٹکٹ خریدنے کے لیے اسٹیڈیمز میں داخلے کے لیے ٹکٹ خریدنے کی ضرورت ہوگی، اور دبئی میں بھارت کے میچوں کے ٹکٹوں کے بارے میں بھی جلد معلومات فراہم کی جائیں گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق، ٹورنامنٹ کے دوران گروپ میچز اور سیمی فائنل کے ٹکٹس بھی کل سے دستیاب ہوں گے۔ فائنل کے ٹکٹس سیمی فائنل کے اختتام کے بعد دستیاب ہوں گے۔ شائقین کو خود کو رجسٹر کرانے کے لیے کہا گیا ہے تاکہ انہیں ٹکٹوں کے حوالے سے آگاہی مل سکے۔
آئی سی سی کے چیف کمرشل آفیسر انوراگ داہیا نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ پاکستان کے لیے یادگار لمحہ ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے ڈائریکٹر سمیراحمد سید نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی شائقین کو بہترین کرکٹ کے ناقابل فراموش لمحے فراہم کرے گی اور نئے اپ گریڈ اسٹیڈیمز میں شائقین کرکٹ کے اس خوبصورت کھیل کا لطف اٹھا سکیں گے۔ اس کے علاوہ والدین کے لیے یہ ایک بہترین موقع ہے کہ وہ اپنے بچوں کو کرکٹ کے بارے میں آگاہ کرائیں۔ٹکٹ خریدنے کے حوالے سے پاکستان میں ٹی سی ایس کے منتخب ایکسپریس سینٹرز سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔