ایشیا کپ 2025: شائقین کے لیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت شروع

ایشیا کپ 2025: شائقین کے لیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت شروع

ایشیا کپ کے شائقین کے لیے بڑی خوشخبری، متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ ایونٹ کے تمام میچوں کے ٹکٹ اب آن لائن دستیاب ہیں۔

 اس اعلان کے بعد مداح گھر بیٹھے انٹرنیٹ کے ذریعے اپنی پسندیدہ ٹیموں کے میچ دیکھنے کے لیے ٹکٹ خرید سکیں گے۔یواے ای کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج میچ سمیت تمام میچوں کے ٹکٹس کی آن لائن فروخت شروع کر دی گئی ہے۔ ابوظہبی میں کھیلے جانے والے میچوں کا کم سے کم ٹکٹ 40 درہم (تقریباً 3 ہزار پاکستانی روپے) جبکہ دبئی میں میچوں کا کم سے کم ٹکٹ 50 درہم (تقریباً 3 ہزار 800 روپے) مقرر کیا گیا ہے۔مزید یہ کہ دبئی میں شیڈول پاک بھارت میچ سمیت سات میچوں کے لیے خصوصی پیکج بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کی قیمت 1400 درہم رکھی گئی ہے، جو پاکستانی روپے میں تقریباً ایک لاکھ 7 ہزار بنتی ہے۔

اس پیکج میں 10 ستمبر کو بھارت بمقابلہ یو اے ای، 14 ستمبر کو پاکستان بمقابلہ بھارت، سپر مرحلے کے چار میچ اور فائنل شامل ہیں۔ یہ تمام میچ دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔تماشائیوں کو دیگر میچوں کے لیے الگ الگ ٹکٹ خریدنے کی سہولت بھی حاصل ہے۔ یواے ای بورڈ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ بہت جلد دبئی اسٹیڈیم اور ابوظہبی کرکٹ اسٹیڈیم کے ٹکٹ دفاتر پر بھی ٹکٹس دستیاب ہوں گے تاکہ وہ مداح جو آن لائن خریداری نہیں کر سکتے، وہ بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ایشیا کپ کے اہم میچز، خصوصاً پاک بھارت مقابلہ، شائقین کرکٹ کے لیے ہمیشہ خصوصی توجہ کا مرکز رہے ہیں اور اس اعلان کے بعد مداحوں میں جوش و خروش مزید بڑھنے کا امکان ہے۔