وزیر خزانہ اور یو این ڈی پی نمائندے کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت

وزیر خزانہ اور یو این ڈی پی نمائندے کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے پاکستان میں رہائشی نمائندے ڈاکٹر سیموئیل رزق کی ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ملاقات میں یو این ڈی پی کے جاری منصوبوں اور پاکستان میں عوامی و نجی شعبوں کے ساتھ تعاون پر بات چیت کی گئی۔ڈاکٹر سیموئیل رزق نے یو این ڈی پی کی مختلف شعبوں میں سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا، جن میں سماجی ترقی، موسمیاتی لچک، توانائی کی منتقلی، ڈیجیٹل تبدیلی، اور عوامی شعبے میں کارکردگی کی بہتری شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد پاکستان کی موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت کو مضبوط بنانا، پائیدار ترقی کو فروغ دینا اور طویل مدتی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے ان اقدامات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے منصوبوں کی منصوبہ بندی، نگرانی، اور شفاف رپورٹنگ پر زور دیا اور یو این ڈی پی کی تکنیکی اور مالی مدد کو سراہا۔

 وزیر خزانہ نے حکومت کی شمولیتی اور پائیدار ترقی کے لیے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی، غذائی قلت، اور آبادی میں اضافے جیسے چیلنجز پر حکومتی حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان طے پانے والے 10 سالہ شراکت داری پروگرام کا ذکر بھی کیا، جس کا مقصد انسانی سرمائے کی ترقی، نجی شعبے کی مضبوطی، اور اقتصادی، سماجی، اور ماحولیاتی استحکام کو فروغ دینا ہے۔ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان کو درپیش ترقیاتی چیلنجز، بالخصوص موسمیاتی تبدیلی، سماجی ترقی، اور عوامی شعبے کی کارکردگی میں بہتری کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔