واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف کی ایران کے سابق شاہ کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی سے خفیہ ملاقات ہوئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ ملاقات ویک اینڈ پر ہوئی، جس میں ایران میں حالیہ مظاہروں اور مجموعی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔یہ پہلا موقع ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اور ایک نمایاں ایرانی مخالف شخصیت کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطہ ہوا ہے، حالانکہ گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ وہ رضا پہلوی سے اس وقت ملاقات نہیں کریں گے، اگرچہ انہوں نے رضا پہلوی کو ایک اچھے انسان قرار دیا تھا۔دوسری جانب انسانی حقوق کی ایک تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں مظاہروں کے دوران 2403 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ پُرتشدد مظاہروں کا سلسلہ رک گیا ہے اور حالات بتدریج معمول پر آ رہے ہیں۔ حکام کے مطابق بین الاقوامی فون کالز بھی بحال کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ رضا پہلوی نے مظاہروں کے دوران عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ مہنگائی اور معاشی مشکلات کے خلاف ملک بھر میں سڑکوں پر نکلیں اور احتجاج کو تیز کریں۔ رضا پہلوی کو پیدائش کے بعد سے ہی شاہ ایران کا جانشین سمجھا جاتا رہا ہے، اور 1979 کے ایرانی انقلاب کے وقت وہ امریکا میں لڑاکا طیارے اُڑانے کی تربیت حاصل کر رہے تھے۔