کراچی کے محمودآباد علاقے میں ایک گھر میں گھس کر نامعلوم مسلح ملزم نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک بھائی جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔پولیس کے مطابق، یہ واقعہ پیر کی صبح محمودآباد تھانے کے علاقے اعظم ٹاؤن گلی نمبر 9 میں پیش آیا، جہاں 26 سالہ مسقط اللہ جاں بحق ہوگیا اور اس کے بھائی ذبیح اللہ زخمی ہوگئے۔ دونوں بھائی اپنے کزن نعمان کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان سے آئے ہوئے تھے۔
کزن سلیم نے بتایا کہ صبح فائرنگ کی آواز سن کر وہ جاگے، اور جب بجلی بحال ہوئی تو وہ گھر میں داخل ہو کر دیکھنے لگے، تب انہیں معلوم ہوا کہ ایک بھائی ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کو گولی لگی ہوئی تھی۔ پولیس نے جائے وقوع سے پستول کے خول قبضے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔