بہادر پولیس افسروں ، اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب

 15 نڈر پولیس افسران و اہلکاروں کو آئی جی پی بہادری میڈلز سے نوازا گیا 
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر دہشت گردوں اور خطرناک کریمنلز کے خلاف غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مختلف اضلاع کے 15 نڈر پولیس افسران و اہلکاروں کو آئی جی پی (Gallantry) بہادری میڈلز سے نوازا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ گذشتہ ڈیڑھ سال میں 38 دلیر پولیس افسران اور جوانوں کو آئی جی پی گیلنٹری میڈلز دیئے جا چکے ہیں۔ فرض کی راہ میں جانوں کی پرواہ نہ کرنے والے بہادر جانبازوں کی شجاعت کے تہہ دل سے معترف ہیں۔ بین الصوبائی چیک پوسٹوں، کچہ ایریاز میں گولیوں کی بوچھاڑ کے سامنے سینہ سپر جوانوں کی ہمت اور بہادری ہماری اصل طاقت ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ جرات و شجاعت کے پیکر پولیس اہلکاروں کے نام سی پی او کی مخصوص دیوار(Brave Hearts) پر کندہ کئے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب گیلنٹری میڈلز حاصل کرنے والوں میں سرگودھا اور راجن پور کے 02، قصور، بہاولپور، میانوالی، سی ٹی ڈی لاہور، راولپنڈی کے نڈر آفیسر، اور ایلیٹ پولیس کا ایک ایک اہلکار شامل ہے۔ ننکانہ صاحب، ڈی جی خان، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ اور پی سی فاروق آباد کا بھی ایک ایک اہلکار شامل ہے۔ راکٹ لانچر اور دستی بم سے شدید زخمی ہونے والے سرگودھا پولیس کے کانسٹیبل عبدالستار کو آئی جی پی گیلنٹری میڈل سے نوازا گیا۔ انسپکٹر شاہد اقبال، ایس آئی فرخ شہزاد، ایس آئی ظہیر الدین اور ایس آئی سرفراز احمد کو گیلنٹری میڈل سے نوازا گیا۔ اسی طرح ایس آئی انجم رضوان، ایس آئی طاہر سلیم، اے ایس آئی اسرار حمید، اے ایس آئی حبیب الرحمٰن اور اے ایس آئی خندو خان کو گیلنٹری میڈل سے نوازا گیا جبکہ ہیڈ کانسٹیبل ماجد قیوم، کانسٹیبلز عبدالغفار اور سلمان شوکت کو بھی گیلنٹری میڈل سے نوازا گیا ہے۔ گیلنٹری میڈلز سے شاندار حوصلہ افزائی پر ایوارڈ یافتہ افسروں اور اہلکاروں نے آئی جی پنجاب سے اظہار تشکر کیا۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ذیشان اصغر اور اے آئی جی ڈسپلن عمارہ اطہر سمیت دیگر افسران نے تقریب میں شرکت کی۔