لاہور (کرائم رپورٹر) انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز میں انویسٹی گیشن ونگ سے ریٹائرڈ ہونے والے 13 افسران کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈی ایس پی مقصود علی، انسپکٹر محمد شمیم، انسپکٹر محمد بوٹا، لیڈی انسپکٹر فوزیہ ابراہیم، انسپکٹر ذوالفقار حسین، سب انسپکٹر مجاہد حسین اور ہیڈ کانسٹیبل محمد شبیر سمیت دیگر افسران کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا، ایس پی سی آر او رانا زاہد حسین اور اے ڈی آئی جی رضوان سعید سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی سید ذیشان رضا نے خطاب کرتے ہوئے ریٹائرڈ افسران کو کامیاب مدتِ ملازمت مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ افسران محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے لیے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شیلڈز اور پھولوں کے گلدستے تقسیم کیے گئے جبکہ ریٹائرڈ افسران نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے عوامی خدمت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔