کسان کارڈ سے 35ارب کی خریداری

 کھاد ،کیڑے مار ادویات کی خریداری میں اضافہ ،4لاکھ کاشتکار کسان کارڈ استعمال کر رہے ،ساڑھے 7لاکھ مزید کارڈ جاری ہونگے
لاہور( کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی پنجاب میں کاشتکار دوست پالیسیوں کے باعث صوبہ بھر میں یوریا کی فروخت میں 50 فیصد اضافہ ہو اہے۔ پنجاب میں کھاد کے استعمال کے حوالے سے ایک خصوصی جائزہ رپورٹ میں کھاد کے استعمال میں اضافہ کی تصدیق کی گئی ہے -جائزہ رپورٹ میں بتایاگیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈمیں کھاد اور کیڑے مار ادویات کی خریداری میں ریکارڈ اضافہ ہوا -جائزہ رپورٹ کے مطابق کسان کارڈ حاصل کرنے والے چار لاکھ کاشتکار کھاد، کیڑے مار ادویات سمیت اب تک 35 ارب روپے کی زرعی مداخل خرید چکے ہیں۔ اب تک پنجاب کے پانچ لاکھ 30 ہزار کاشتکاروں کو کسان کارڈ جاری ہو چکے ہیں -پنجاب میں ساڑھے سات لاکھ کاشت کاروں کو کسان کارڈ ملیں گے۔ رپورٹ کے مطابق صوبے میں 991 ہزار ٹن یوریا کی فروخت ہوئی ، 57.9 فیصد اضافہ نوٹ کیاگیا - یوریا کی فروخت میں اضافہ پنجاب حکومت کی کسان کارڈ کے ذریعے خریداری کی وجہ سے ہوا-یوریا کے علاوہ صوبہ بھر میں دیگر نامیاتی کھادوں کی فروخت میں بھی 42.9 فیصد اضافہ ہوا، نائٹروجن 50.7، فاسفیٹ 9.3 اور پوٹاش کا 0.8 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا-کھاد کے نرخ میں موجودہ سیزن میں پہلی مرتبہ واضح کمی کا رحجان رہا-رپورٹ میں بتایا گیاکہ وزیراعلی ٰ کی ہدایت پر صوبہ بھر میں گندم کی بوائی کی سیٹلائٹ کے ذریعے مانیٹرنگ بھی شروع کردی گئی ہے- محکمہ زراعت کے اعدادوشمار کے مطابق ایک کروڑ 61 لاکھ گندم کی کاشت کے رقبے کی سیٹلائٹ کے ذریعے تصدیق کا عمل جاری ہے- فصل پک کر تیارہونے پرسیٹلائٹ امیج سے موازنہ کیا جائے گا۔